ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاسر گوڈ میں پانچ سالہ بچے نے دکھائی حاضر دماغی اور بہادری ؛ دو ساتھیوں کو ڈوبنے سے بچانے میں ہوا کامیاب

کاسر گوڈ میں پانچ سالہ بچے نے دکھائی حاضر دماغی اور بہادری ؛ دو ساتھیوں کو ڈوبنے سے بچانے میں ہوا کامیاب

Wed, 18 Jul 2018 00:03:40    S.O. News Service

کاسرگوڈ17؍جولائی (ایس او نیوز) ایک پانچ سالہ بچے نے بے مثال حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20فٹ گہری جھیل میں گرنے والے دو ساتھیوں کو ڈوب کر ہلاک ہونے سے بچالیاجس کی ستائش پورے علاقے میں ہورہی ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق اس طرح غیرمعمولی جرأت اور حاضر دماغی دکھانے والے بچے کا نام زین العابدین ہے جو کہ یو کے جی کا طالب علم ہے۔ زین العابدین کے ساتھ باصم سمان(5سال)اور عبدالشامل(5سال) نامی دو لڑکے کھیل رہے تھے۔ اچانک ان کی گیند قریب کی ایک جھیل میں جاگری۔جب باصم اور شامل گیند لینے کے لئے جھیل کے پاس گئے تو پھسل کر نیچے گر گئے۔اپنے دو ساتھیوں کو پانی میں ڈوبتے ہوئے دیکھ کر زین العابدین نے اپنے ہوش نہیں کھوئے بلکہ حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قریب ہی پڑی ہوئی ایک لمبی لکڑی لے کر اس کا ایک سرا جھیل میں موجود بچوں کی طرف بڑھا دیا اور دوسرا سرا خودمضبوطی سے پکڑ کر اپنے ساتھیوں کو لکڑی کے سہارے اوپر چڑھنے کے لئے کہا۔اس طرح زین العابدین کی ہدایت کے مطابق عمل کرتے ہوئے دونوں لڑکے بحفاظت اوپر پہنچ گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر کاسرگوڈ ڈی وئی ایس پی سوکمارن نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور زین العابدین کی ذہانت اور ہمت کی داد دی۔ اس کے علاوہ پورے علاقے میں اس ننھے سے بچے کے بڑے کارنامے پر بہت ہی زیادہ ستائش کی جارہی ہے اور وہ اپنے علاقے کا ہیرو بن گیا ہے۔


Share: